اسلام آباد کو خانپور ڈیم سے پانی کی فراہمی میں 70فیصد کمی کا اعلان
اسلام آباد( وقائع نگار) اسلام آباد میں پانی کی قلت بحرانی کیفیت اختیار کرگئی انتظامیہ نے اسلام آباد کو خانپور ڈیم سے پانی کی فراہمی میں ستر فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے خانپورڈیم سے پانی کی فراہمی آٹھ کی بجائے 3ملین گیلن کردی گئی ہے راولپنڈی کو بھی 12کی بجائے 4گیلن پانی دستیاب ہو گا کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے شعبہ خان پور ڈیم ڈویژن نے اپنے اعلامیہ میں قرار دیا ہے کہ نہر کی سالانہ صفائی کے انتظامات کے تحت سنگ جانی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں پانی کی فراہمی میں 31 جنوری سے 12 فروری تک کمی کر دی ہے۔اس ضمن میں خان پور ڈیم سے اسلام آباد کو 08 ملین گیلن یومیہ( ایم جی ڈی) پانی کی معمول کی فراہمی کو کم کر کے 03 ملین گیلن یومیہ( ایم جی ڈی) کر دیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی کو 12 ملین گیلن یومیہ معمول کی فراہمی کو کم کر کے 04 ملین گیلن یومیہ کر دی گئی ہے ۔ خان پور ڈیم سے پانی کی فراہمی کو معمول کے مطابق سارا سال بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے لیفٹ بینک کینال کی ہر سال صفائی اور مرمت کی جاتی ہے جس کے باعث نہر کی صفائی کے انتظام کے لیے معمول کی سپلائی میں کمی کی جاتی ہے۔ رواں سال بھی سالانہ صفائی کے تحت 31 جنوری سے 12 فروری تک اسلا م آباد اور راولپنڈی میں پانی کی سپلائی معمول سے کم رہے گی ۔ اس ضمن میں شہری اس دورانیے میں پانی کو احتیاط سے استعمال کریں تاکہ انہیں پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے تاہم اس دورانیے میں پانی کی کمی صورت میں سی ڈی اے کی واٹر ٹینکر سروس سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سملی ڈیم سے بھی اسلام آباد کے سیکٹرز کو پانی کی فراہمی میں پچاس فیصد کمی کردی گئی ہے جس کے باعث شہری علاقوں میںپانی کا بحران پید ا ہو گیا بارشیں نہ ہونے کے باعث جڑواں شہروں میں زیر زمین پانی کا لیول بھی بری طرح متاثر ہو اہے جس کے باعث لوگ سخت بے چینی میں مبتلا ہیں ۔