انتظار قتل کیس، جے آئی ٹی کی قانونی حیثیت مشکوک قرار دے دی گئی
کراچی ( کرائم رپورٹر)ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان انتظار کے اہل خانہ کو انصاف نہ مل سکا،،تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کی قانونی حیثیت بھی مشکوک قرار دے کر پولیس نے واقعے کو الجھا دیا۔ان کااعتراض ہے کہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن کیوں جاری کیا۔واقعے میں ملوث ملزمان پولیس کی گرفت میں ہونے کے بعد بھی معاملہ حل نہ ہو سکا،،جے آئی ٹی کے سربراہ ایس ایس پی پرویز چانڈیو کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ کو باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کیلئے خط لکھ دیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے بعدہی جے آئی ٹی کام دوبارہ شروع کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام اہلکار پولیس کی گرفت میں ہیں اور تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے بیانات بھی لے لئے گئے ہیں لیکن پولیس اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کی کوششوں میں واقعے کو الجھا رہی ہے۔