مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر میں اضافہ تشویشناک ہے‘ترجمان پنجاب حکومت
لاہور ( این این آئی)ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ریاستی جبر میں اضافہ تشویشناک ہے، وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کشمیری عوام کے انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک بار پھر پاکستانی عوام ثابت کریں گے کہ وہ دمے درمے سخنے اپنے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ ہیں اور انہیں استصواب رائے کا حق ملنے تک سفارتی اور اخلاقی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم سے نظر ہٹانے کیلئے بھارت کبھی کنٹرول لائن اور کبھی ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کرتا ہے لیکن اس کے یہ ہتھکنڈے اب نہیں چلیں گے۔ پنجاب حکومت کے زیراہتمام اس بار بھی یوم یکجہتی پر صوبائی اور ضلعی سطح پر پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا اور عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کا ضمیر جھنجوڑا جائے گا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ ملک احمد خان نے کہا کہ بھارت ریاستی جبر سے باز آجائے۔ جیلوں میں کالے قوانین کے تحت اسیر کشمیری قیادت اور بے گناہ کشمیریوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔