رحیم یار خان سے واحد انٹرنیشنل پرواز ختم ‘ لاہور کیلئے 4کی بجائے 2 فلائٹس
رحیم یار خان(بیورو رپورٹ)پی آئی اے انتظامیہ نے آج(یکم فروری) سے شیخ زید ائر پورٹ رحیم یار خان سے آپریٹ ہونے والی واحد انٹرنیشنل پرواز منسوخ کر کے اس ائر پورٹ کا ’’اسٹیٹس‘‘انٹرنیشنل ائرپورٹ سے نیشنل ائر پورٹ کرنے کے ساتھ ساتھ رحیم یار خان سے لاہور کے لئے ہفتہ میں چار کی بجائے صرف دو جبکہ حیران کن طور پر اسلام آباد کے لئے ہفتہ میں ایک کی بجائے 6پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا جبکہ کراچی کے لئے پہلے کی طرح ہفتہ میں6پروازیں برقرارکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شیخ زید ائر پورٹ سے قبل ازیں ہفتہ میںابوظہبی جانے اور آنے کے لئے دو پروازیں آپریٹ ہوتی تھیں جن پر رحیم خان سمیت راجن پور اور سندھ و بلوچستان کے کئی شہروں سے بھی سینکڑوں مسافر ہر ہفتہ سفر کرتے تھے لیکن پی آئی انے انتظامیہ نے آج سے شروع ہونے والے نئے ٹائم ٹیبل میں ان دونوں پروازوں کو مستقل منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ لاہور کے لئے بھی ہفتہ میں دو پروازیں کم کر دیں جس سے شہریوں اور خاص طور پر کاروباری طبقے میں زبردست تشویش دیکھی جا رہی ہے۔ مختلف کاروباری تنظیموں کے رہنماؤں نے ’’نوائے وقت‘‘کوبتایا رحیم یار خان سے زیادہ تر کاروباری طبقہ لاہور کے لئے فضائی سفر کرتا ہے جبکہ اسلام آباد جانے والوں کی تعداد بہت کم ہے لیکن اس کے باوجود رحیم یار خان سے اسلام آباد کے لئے ہفتہ وار پروازیں ایک سے بڑھا کر چھ کر دی گئی ہیں جبکہ لاہور کے لئے ہفتہ وار پروازیں چار سے کم کر کے دو کر دی گئی ہیں جس سے کاروباری طبقہ فضائی سفر سے محروم ہو جائے گا اس لئے پی آئی اے انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ ابوظہبی کے لئے دونوں پروازیں بحال کرنے کے ساتھ ساتھ رحیم یار خان سے اسلام آباد کے لئے ہفتہ وار پروازیں کم کر کے لاہور کے لئے پروازیں بڑھائے تاکہ شہری اور کاروباری طبقہ فضائی سفری سہولت سے مستفید ہو سکے۔