پولیس جرائم پیشہ افراد کی سرپرست، تھانوں میں انصاف نہیں ملتا: سلطان محمود
ملتان (نمائندہ خصوصی) قومی تاجر اتحاد جنوبی پنجاب کے صدر سلطان محمود ملک نے کہا ہے کہ تھانوں میں انصاف نہیں ملتا انصاف کے لئے کہاں جائیں۔ پولیس افسران جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرتے ہیں جس کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وہ گزشتہ روز تاجروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس سمیت پنجاب پولیس مکمل طور پر ناکام ہے۔ آئے روز تاجر اور عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔ پولیس افسران کو چاہئے کہ عوام اور تاجروں کے تحفظ کے لئے دفاتر سے باہر نکلیں جب سے ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ ہوا ہے تاجروں کے ساتھ ہونے والی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ تاجر رہنما سرمایہ بنکوں میں نہیں رکھ رہے اور ڈکیتیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ پولیس کی وردی تبدیل کرنے کی بجائے بدعنوان پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ڈولفن فورس کا عوام، صحافیوں اور تاجوں سے نازیبا رویہ ڈھکی چھپی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں صحافیوں سے بدسلوکی کرنے والوں کو تھانوں میں نہیں بیٹھنے دیں گے۔ انہوں نے آر پی او اور سی پی او سے مطالبہ کیا کہ وہ بازاروں میں پولیس گشت کو یقینی بنائیں تاکہ خریدار بغیر خوف و خطر خریداری کر سکیں۔ اس موقع پر چودھری شوکت علی خان، رائو افتخار احمد، ملک الطاف لنگاہ، شیخ محمد امتیاز، ملک محمد صدیق تھہیم، شیخ محمد شفیق، ملک محمد اقبال ڈوگر، فرحان علی شاہ، خلیل احمد راں و دیگر موجود تھے۔