افغان مہاجرین کی وطن واپسی کی ڈیڈ لائن میں توسیع کی سمری آئندہ ہفتے پیش کرینگے: وزارت سیفران
اسلام آباد(خبر نگار) وزارت سیفران اگلے ہفتے کابینہ کے اجلاس میں افغان مہاجرین کی وطن واپسی کی ڈیڈ لائن 30جون 2018 تک بڑھانےکی سمری پیش کرے گی۔ یہ سمری سیکرٹری سیفران کی حتمی منظوری کے بعد کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ڈیڈ لائن میں توسیع کا مقصد صرف اور صرف افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے اور ہر ممکن سہولت کے ساتھ افغانستان واپسی کویقینی بنانا ہے۔ حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہی طے ہوگا۔ پاکستان افغانستان اور اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کے عہدیداروں کے مطابق موسم سرماکی وجہ سے مارچ سے پہلے مہاجرین کی واپسی ناممکن ہے۔ اس کے علاوہ موجودہ حکومت کے لئے بھی بہتر ہوگا کہ حکومتی مدت پوری ہونے تک افغان مہاجرین کی واپسی کی مدت میں توسیع کر دے۔