مسلح افراد کا لیسکو آفس کوٹ عبدالمالک پر دھاوا‘ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا
فیروز والا (نامہ نگار) مسلح افراد نے بجلی کا میٹرکاٹنے اور تار اتارنے پر لیسکو سب ڈویژن کوٹ عبدالمالک کے آفس کا گھیراؤ کرکے زبردست فائرنگ کرکے دہشت پھیلا دی۔ لیسکو کے ایس ڈی او اور دیگر عملے کو یرغمال بنا کر تاریں اور میٹر چھین کر لے گئے۔ پولیس رپورٹ میں ایس ڈی او راشد سومرو نے بتایا ہے کہ بھٹیانوالہ میں ماربل فیکٹری چھاپہ مار کر جعلی میٹر اور تار کاٹ کر دفتر آگئے۔ اس دوران دلاور حسین نے دیگر سات افراد کی مدد سے مسلح ہو کر لیسکو آفس کوٹ عبدالمالک پردھاوا بول دیا۔ ہوائی فائرنگ کرکے ملازمین کو یرغمال بنا لیا۔ مسلح افراد نے ایس ڈی او کے کمرے سے جعلی میٹر اور تار لے کر فرار ہو گئے۔ لیسکو ایس ڈی او کی رپورٹ پر فیکٹری ایریا پولیس حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔