نوازشریف کی کراچی آمد‘ متوالے آج نئی تاریخ رقم کرینگے‘ منور رضا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن )کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پارٹی کے قائد میاں نواز شریف کے دو روزہ دورہ کراچی کے موقع پر متوالے فقیدالمثال استقبال کرکے ایک نئی تاریخ رقم کردینگے ۔ ایئر پورٹ پر کراچی اور اندرون سندھ کے کارکنوں کا سمندر ان کے تاریخ ساز استقبال کے لیے موجود ہو گا۔ سندھ کے عوام ثابت کردیں گے نواز شریف ان کے دلوں میں بستے ہیںجسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں نکال سکتی۔ عدالتی فیصلوں کی عوام کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔ سید منور رضا نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف تمام سازشیں ناکام ہو چکی ہیں مخالفین کو ہر محاذ پر منہ کی کھانی پڑی ہے۔ آئندہ الیکشن میں مخالفین کو اپنی مقبولیت کا اندازہ لگ جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) ناصرف مرکز اور پنجاب بلکہ چاروں صوبوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے چوتھی بار حکومت بنائے گی۔