یواے ای کی ریاست عجمان میں منعقد ہونیوالی کرکٹ لیگ میں مشکوک سرگرمیوں کی تحقیقات شروع
دبئی (سپورٹس ڈیسک )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے انسداد بدعنوانی یونٹ نے متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں منعقد ہونے والی کرکٹ لیگ میں مشکوک سرگرمیوں کی تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی یونٹ کے جنرل مینجر ایلکس مارشل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس وقت عجمان آل سٹار لیگ کے کھلاڑیوں اور آفیشل سے بات چیت کر رہے ہیں اور اس بارے میں مزید بات نہیں کر سکتے ہیں۔بیان میں لوگوں سے اپیل بھی کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس معلومات ہیں تو وہ انسداد بدعنوانی یونٹ کی رہنمائی کر سکتا ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں نجی طور پر کرکٹ لیگ کا انعقاد کیا گیا اور اس میں مضحکہ خیز انداز میں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد آئی سی سی نے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ سے غیر منظور شدہ عجمان آل سٹارز کے ایک میچ میں بلے باز بھونڈے انداز میں آؤٹ ہوئے جس میں کریز میں واپس آنے کی کوشش کیے بغیر سٹمپ آؤٹ ہونا، لاپراوہی سے رن آؤٹ ہونا شامل ہے۔منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موقع پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں سے گیند گر جاتی ہے لیکن پھر بھی بلے باز واپس کریز میں نہیں آتا اور سٹمپ آؤٹ ہو جاتا ہے۔عجمان کرکٹ کونسل اے سی سی نے عجمان اوول میں منعقد ہونے والے تمام میچوں کو معطل کر دیا ہے۔اے سی سی کے سیکریٹری جنرل شجیع الملک نے کرکٹ کی ویب سائٹ ’ای ایس پی این کرک انفو‘ کو بتایا ہے کہ عجمان اوول نے ضابطہ اخلاق کی ایک سے زائد بار خلاف ورزی کی اور ہم نے اس کے الحاق کو معطل کر دیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ ہم بدعنوانی سے متعلق عدم برداشت کی پالیسی پر کاربند ہیں اور آئی سی سی کی جاری تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں۔میچ میں شارجہ واریرز کی جانب سے دیے گئے 136 رن کے ہدف کے تعاقب میں دبئی سٹارز نے غیر ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ساری ٹیم 46 پر آؤٹ ہو گئی۔