سینٹ الیکشن‘ پارٹی ٹکٹ کیلئے لیگی رہنمائوں کی بڑی تعداد نے فارم حاصل کرلئے
لاہور (فرخ سعید خواجہ) 3مارچ 2018ء کو ہونے والے سینٹ کے الیکشن کیلئے پنجاب میں پارٹی ٹکٹ کے خواہش مدوں کی بڑی تعداد نے فارم حاصل کرلیے۔ مسلم لیگ(ن) نے 3فروری تک درخواستیں طلب کر رکھی ہیں۔ پہلے اعلامیہ کے مطابق درخواستیں وصول کرنے کیلئے اسلام آباد سیکرٹریٹ مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم اب نہ صرف اسلام آباد سیکرٹریٹ میں درخواستیں وصول کی جارہی ہیں بلکہ مسلم لیگ(ن) کے پنجاب آفس مسلم ٹائون میں بھی درخواستیں لی جارہی ہیں۔ اب تک اسلام آباد اور لاہور میں جن خواہشمندوں نے 50ہزار روپے رقم کے ڈیمانڈ ڈرافٹ کے ہمراہ درخواستیں جمع کروا دی ہیں ان میں ڈاکٹر سید آصف کرمانی‘ سعود مجید‘ نزہت صادق‘ وفاقی وزیر کامران مائیکل‘ ڈپٹی میئر لاہور سواتی خان‘ سلطان ڈاہا (ڈیرہ غازیخان)، آغا عباس (ننکانہ) شامل ہیں جبکہ ممتاز قانون دان اور مسلم لیگ(ن) ورکرز اینڈ لائرز آرگنائزیشن کے مرکزی صدر خواجہ محمود احمد اور سابق رکن پنجاب اسمبلی وممتاز مسلم لیگی ڈاکٹر اسد اشرف نے بھی فارم حاصل کرلیے ہیں۔ آصف کرمانی کو بابراعوان کے استعفے سے خالی ہونے والی نشست پر سینیٹر منتخب کیا گیا تھا اسلئے ڈاکٹر کرمانی مارچ 2018ء میں ریٹائر ہو جائیں گے۔ قوی امکان ہے مسلم لیگ(ن) انہیں دوبارہ سینٹ میں لے آئیگی۔ چودھری سعود مجید کی سینٹ کی رکنیت کی میعاد بھی مارچ 2018ء میں ختم ہوگی۔ انہیں رفیق رجوانہ کے گورنر پنجاب لگائے جانے پر ان کی جگہ لایا گیا تھا۔ انہیں بھی ٹکٹ کیلئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ سینیٹر نزہت صادق مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین کی سربراہ ہیں‘ انہیں بھی دوبارہ منتخب کیے جانے کا امکان ہے۔ ڈیرہ غازیخان کے سلطان ڈاہا 25برس سے مسلم لیگی کارکن ہیں جبکہ سواتی خان کا شمار بھی لاہور کے سرگرم مسلم لیگی کارکنوں میں ہوتا ہے۔ سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے سینئر مشیراعلیٰ رہے لیکن بوجوہ باغی ہوگئے۔ انکی سینٹ کی رکنیت کی میعاد بھی مارچ 2018ء میں ختم ہوگی۔ ڈیرہ غازیخان کے سلطان ڈاہا پرامید ہیں کہ پارٹی سربراہ محمد نوازشریف کے ساتھ پرانے سیاسی تعلق کی بنیاد پر وہ ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ خواجہ محمود احمد اس سے قبل بھی دو مرتبہ پارٹی ٹکٹ کے حصول کیلئے 2012ء اور 2015ء میں درخواستیں جمع کروا چکے ہیں۔ پارٹی ٹکٹ کے لئے انہیں بھی فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر اسداشرف حال ہی میں ہونے والے ضمنی الیکشن این اے 120میں خواجہ احمد حسان کے ہمراہ انتخابی مہم کی نگرانی کرتے رہے اور بیگم کلثوم نواز کے چیف پولنگ ایجنٹ تھے۔