پرویزخٹک نے عاصمہ قتل بارے غیر ذمہ دارانہ بیان سے ہمارے زخموں پر نمک پاشی کی: مروت قبیلہ‘ پولیس نے سعودی انٹرپول سے ملزم کی گرفتاری کیلئے مدد مانگ لی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) کوہاٹ میں میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل بارے مروت قبیلے کے عمائدین نے پرویز خٹک کے بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے، عمائدین نے کہا عاصمہ آخری ویڈیو میں ملزم مجاہد آفریدی کا نام لے رہی تھی۔ پرویز خٹک نے انٹرویو میں کہا ہمارے معاشرے میں روز ایسے واقعات ہوتے ہیں۔ پرویز خٹک نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جس سے مروت قوم کی دل آزاری ہوئی اور پرویز خٹک نے ہمارے زخموں پر نمک پاشی کی ہے۔ ملزم کو انٹرپول کے ذریعے سعودی عرب سے واپس لایا جائے۔ چیف جسٹس پاکستان عاصمہ کیس کی خود نگرانی کریں۔ عاصمہ کا قاتل مجاہد آفریدی خیبر پی کے پولیس کی غفلت سے بیرون ملک فرار ہوا۔ پشاور سے این این آئی کے مطابق خیبرپی کے کی پولیس نے میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث ملزم مجاہد آفریدی کی گرفتاری کیلئے سعودی انٹرپول سے مدد مانگ لی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبرپی کے پولیس کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سعودی عرب میں انٹرپول سے عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث ملزم مجاہد آفریدی کی گرفتاری میں تعاون کی اپیل کی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے انٹرپول کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ ملزم مجاہد اللہ آفریدی کو ڈھونڈ کر گرفتار کرنے اور وطن واپس بھیجنے میں تعاون کیا جائے۔