بین الصوبائی گیمز کا شیڈول جاری ، 16 مارچ سے پشاور میں آغاز
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے چوتھی بین الصوبائی گیمز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ میگا ایونٹ 16 سے 21 مارچ تک پشاور میں منعقد ہونگی جبکہ 33 ویں نیشنل گیمز کے وینوز اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پی او اے کمیٹی کے ارکان فروری کے دوسرے ہفتے میں کوئٹہ کا دورہ کرینگے۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ہیڈ کوارٹر میں سپورٹس کمیشن کے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت خیبرپختونخواہ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ نے کی۔ اس موقع پر فیصلہ ہوا کہ چوتھی بین الصوبائی گیمز پشاور میں خیبرپختونخواہ حکومت کے تعاون سے منعقد ہونگی جس میں 28 کھیلوں کے مرد و خواتین کے ایونٹ شامل کیے جائیں گے جبکہ سائیکلنگ، فٹبال اور جوڈو شامل کرنے کا فیصلہ پی او اے جنرل کونسل اجلاس میں ہاوس کی منظوری سے کیا جائے گا۔