سپاٹ فکسنگ: خالد لطیف پر پابندی برقرار‘ جرمانہ ختم‘ شاہ زیب کیس کا فیصلہ محفوظ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں پی سی بی ایڈجیوڈیکٹر نے خالد لطیف کی اپیل پر فیصلہ سنا دیا۔ ایڈجیوڈیکیٹر نے ٹربیونل کی طرف سے کیا جرمانہ معاف کرتے ہوئے پانچ سالہ پابندی کو برقرار رکھا ہے۔ پی ایس ایل فکسنگ سکینڈل میں خالد لطیف کی طرف سے اپنی پابندی اور جرمانے کے خلاف کی گئی اپیل پر خود مختار ایڈجیوڈیکیٹر جسٹس (ر)فقیر محمد کھوکھر نے اپنا فیصلہ سنا دیا ۔ایڈجیوڈیکیٹر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ٹربیونل کی طرف سے بلے باز پر عائد دس لاکھ جرمانے کو کالعدم قرار دے دیا جبکہ خالد لطیف کے کرکٹ کھیلنے پر پانچ سالہ پابندی کو برقرار رکھا ہے۔ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے ایڈجیوڈیکیٹر کے فیصلے کو اپنی فتح قرار دیاان کا کہنا تھا کہ ایڈجیوڈیکیٹر کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ پی سی بی کے پاس سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے حوالے سے ٹھوس شواہد موجود ہیں خالد لطیف کوایڈجیوڈیکیٹر کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ خالد لطیف پر ٹریبیونل نے 5 سالہ پابندی کے ساتھ 10لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا، انہوں نے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کر رکھی تھی ۔ پی ایس ایل فکسنگ سکینڈل میں اینٹی کرپشن ٹربیونل نے شاہ زیب حسن کے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ۔طریقہ کار کے مطابق ٹربیونل 30 روز میں فیصلہ سنائے گا۔