خیبرپی کے جل رہا‘ عمران جھوٹ کی بانسری بجا رہے ہیں: سعد رفیق
لاہور (اے این این ) وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ دوسروں پر بہتان لگانے والی پی ٹی آئی نے کبھی اپنی کوتاہی یا نااہلی تسلیم نہیں کی جبکہ خیبرپی کے جل رہا ہے اور عمران خان جھوٹ کی بانسری بجا رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا کہ عمران خان کا خیبرپی کے سے رشتہ محض سرکاری وسائل کے بے محابا استعمال تک محیط ہے، صوبہ جل رہا ہے لیکن عمران خان جھوٹ کی بانسری بجارہے ہیں جبکہ خیبر پی کے پولیس کی نا اہلی کے بارے میں سپریم کورٹ کے ریمارکس پر تحریک انصاف گونگی کیوں ہوگئی ہے۔عمران خان دوسروں کو عدالتی ریمارکس کے طعنے دیتے ہیں اب گونگے کیوں ہو گئے ہیں ۔وزیر ریلوے نے کہا کہ مشعال ، اسما اور عاصمہ کے قاتلوں کو پکڑنے میں ناکامی صوبائی حکومت کی بیڈ گورننس کے نمونے ہیں، دوسروں پر بہتان لگانے والی پی ٹی آئی نے کبھی اپنی کوتاہی یا نااہلی تسلیم نہیں کی جب کہ دوسروں کو عدالتی ریمارکس کے طعنے دینے والے اپنی نااہلی کا اعتراف کریں۔انھوں نے کہا کہ کے پی سے عمران کا رشتہ محض سرکاری وسائل کے بے محابہ استعمال تک ہے۔