نقیب، انتظار و دیگر مقتولین کے اہلخانہ کو انصاف تک جدوجہد جاری رہے گی: سراج الحق
کراچی (نیوز رپورٹر + آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ نقیب اللہ محسود، مقصود، عمار، انتظار اور وقار سمیت پولیس کے ہاتھوں قتل اور لاپتہ ہونے والے تمام نوجوانوں کے اہل خانہ کو انصاف کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔ راؤ انوار نے 440نوجوانوں کو جعلی پولیس مقابلے میں مارنے کا جرم کیا ہے۔ عوام کے گرینڈ جرگے کا مطالبہ ہے کہ راؤ انوار کو پھانسی کی سزا دی جائے۔ جماعت اسلامی قومی جرگے کی جدوجہد میں شانہ بشانہ ہے، مقتولین کے اہل خانہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ان کا ساتھ دیں گے، خواہ وہ اسلام آباد تک لانگ مارچ ہو یا ویزاعلیٰ ہاؤس کا گھراؤ۔ کراچی میں تمام پولیس مقابلوں اور ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات ہونی چاہئے اور بے گناہوں کو قتل کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، رائو انوار اور ان کے سرپرستوں کو بھی بے نقاب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سہراب گوٹھ پر کراچی قومی جرگے کے اختتام پر جرگے میں شریک مقتولین کے اہل خانہ، قبائلی عمائدین اور جرگے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نقیب اللہ کے والد حاجی محمد خان محسود، جرگے کے نگران اور سرپرست رحمت خان محسود ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، ضلع غربی کے امیر عبد الرزاق خان ، نائب امیر ضلع گل رحیم ، مفتی اکبر خان ، حاجی جنت گل ، نذرخان ، مقصود کی چھوٹی بہن بے نظیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سراج الحق نے مزید کہا کہ نقیب اللہ محسود کی شہادت ، مظلومانہ موت اور خون رائیگاں نہیں جائے گا ، کوئی اب اس آواز کو دبانا بھی چاہے تو دبانہیں سکے گا، اللہ کرے یہ مظلومانہ شہادت آخری شہادت ہو ، میں 21جنوری کو یہاں اسی مقام پر آیا تھا اور میں نے کہا تھا کہ ہم اس شہادت کو ایک تحریک کی صورت دیں گے۔