چیئرمین نیب نے اسلام آباد‘ راولپنڈی میں ہائوسنگ سوسائٹی مافیا کیخلاف تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین نیب نے راولپنڈی اسلام آباد میں ہائوسنگ سوسائٹی مافیا کے خلاف تحقیقات بارے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں سو سے زائد ہائوسنگ سوسائٹیوں کے مالکان نے سادہ لوح شہریوں کو پلاٹ الاٹ کرنے کا لالچ دے کر اربوں روپے لوٹ رکھے ہیں۔ پلاٹوں کے حصول کیلئے سادہ لوح افراد نے اپنی ساری زندگی کی جمع پونجی ہائوسنگ سوسائٹی مافیا لوٹ چکا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کو ہدایت کی تھی کہ وہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہائوسنگ سوسائٹی مافیا کے خالف تحقیقات کریں اور غیر قانونی طریقہ سے قائم سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن کریں۔ نیب کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بعض سوسائیٹیوں کے مالکان کے پاس مطلوبہ زمین کی ملکیت بھی نہیں ہے لیکن پھر بھی اربوں روپے پلاٹ کی فراہمی کے نام پر لوٹ چکے ہیں۔ چیئرمین نیب نے بدھ کے روز نئے ڈائریکٹر جنرل نیب عرفان منگی کو دوبارہ حکم دیا ہے کہ وہ سوسائٹی مافیا کے خلاف سخت شکنجہ کس لیں اور اس مافیا کو فوری گرفتار کرکے لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں۔ نیب نے کراچی سیف سٹی پراجیکٹ میں اختیارات کے ناجائز استعمال کا نوٹس لے لیا۔ نیب نے کہا ہے کہ کراچی میں کیمرے لگانے کے منصوبے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی قانونی تقاضے پورے اور عمل شفاف ہونا چاہئے سیف سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے شکایات کو درست پایا گیا سندھ پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کو 9 دسمبر کو آگاہ کیا گیا تھا فزیبلٹی اور ایڈوائزری سروس کیلئے دیا گیا ٹینڈر سیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہے پچھلا ٹینڈر منسوخ کرکے نیا ٹینڈر قواعد کے مطابق دیا جائے۔