اسلام آباد، گیسٹ ہاؤس میں ڈاکٹر اور نرس کی پراسرار ہلاکت، کمرے سے شراب کی بوتل بھی ملی
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ شالیمارکے سیکٹر ایف ٹین فور میں واقع گیسٹ ہائوس میں مرد اور عورت کمرے میں پراسرار طور پر مردہ پائے گئے۔ پولیس کو گیسٹ ہائوس انتظامیہ نے بتایا کہ بدبو آنے پر کمرہ کھول کر دیکھا گیا تو اس میں موجود مرد اور عورت مردہ پڑے تھے۔ 62 سالہ مرد کی شناخت ڈاکٹر رانا آفتاب کے نام سے ہوئی جو ماہر امراض چشم تھا جبکہ 25 سالہ عورت کی شناخت زویدہ کے نام سے ہوئی جو ایف ٹین مرکز کے نجی ہسپتال میں نرس اورگولڑہ کے علاقے کی رہائشی تھی۔ پوسٹ مارٹم میں موت کی وجوہات سامنے آنے پر پولیس اگلی قانونی کارروائی کریگی۔ پولیس نے بتایا کہ ڈاکٹر رانا آفتاب کا آئی ٹین میں آئی کلینک ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق کمرے سے شراب کی بوتل بھی ملی۔نعشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔