الیکشن کمشن کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری
اسلام آباد( وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ نے فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے مطابق سیاسی جماعتوں کی سکروٹنی اور تحقیقات الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے، ہائی کورٹ عدالت عظمی کی جانب سے متعین کی گئی حدود کی پابند ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے پانچ صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کا اختیار ہے۔ سپریم کورٹ عمران خان کیس میں فارن فنڈنگ پر واضح ہدایات جاری کر چکی ہے جس کے مطابق سیاسی جماعتوں کی سکروٹنی اور تحقیقات الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے۔ ہائی کورٹ عدالت عظمی کی جانب سے متعین کی گئی حدود کی پابند ہے۔ لہذا تحریک انصاف کی درخواست غیر موثر ہونے کی بنیاد پر خارج کی جاتی ہے۔