ملتان: سیزنل انفلوئنزا سے 2بھائی جاں بحق تیسرا متاثر‘ لاہور: مزید 8مریض ہسپتال داخل
لاہور+ ملتان (کامرس رپورٹر+ آئی این پی) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سیزنل انفلوئنزا پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا، خطرناک وائرس سے متاثرہ دو سگے بھائی دم توڑگئے جبکہ تیسرا بھائی بھی متاثر ہوکر نشتر ہسپتال پہنچ گیا، جنوبی پنجاب میں وائرس سے متاثر ہوکر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 50سے تجاوز کرگئی، تفصیلات کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں سیزنل انفلوائنزا ایچ ون ،این ون کے وار جاری ہیں، نشتر ہسپتال میں سیزنل انفلوائنزا کی زد میں آ کر خانیوال کے رہائشی غریب خاندان کے دو نوجوان بیٹے دم توڑ گئے ہیں جبکہ تیسرا نوجوان بیٹا بھی سیزنل انفلوئنزا کے جراثیم سے متاثر ہوکر نشتر ہسپتال پہنچ گیا ہے، متاثرہ خاندان نے وزیر اعلیٰ سے امداد کی اپیل کر دی ہے، میڈیا پر خبریں آنے پر کمشنر ملتان نے نوٹس لے لیا ہے جبکہ محکمہ صحت کی ٹیمیں بھی متاثرہ خاندان کے گائوں میں پہنچ گئیں، جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کا تعلق خانیوال کے علاقے اعوان چوک فرید کوٹ سے ہے، رضیہ بی بی کے دو بیٹے محمد وسیم اور محمد مبین سیزنل انفلوئنزا کی زد میں آکر دم توڑ چکے ہیں جبکہ تیسرا بیٹا محمد فہیم نشتر ہسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ وفات پانے والے وسیم کی عمر تقریباً 18 برس اور مبین کی 16 سال تھی جبکہ زیر علاج محمد فہیم کی عمر 17 سال ہے۔ لاہور سے کامرس رپورٹر کے مطابق لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں سیزنل انفلوئنزا کے مزید 8مشتبہ مریضوں کو داخل کروادیا گیا جبکہ 6مریضوں کے خون کے نمونوں میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران لاہو رکے مختلف ہسپتالوں میں سیزنل انفلوئنزا کے 8مشتبہ مریضوں کو داخل کروایا گیا جبکہ پہلے سے زیر علاج 6مریضوں میں وائرس کی تصدیق کر دی گئی ہے جبکہ مختلف ہسپتالوں میں 21مریض زیر علاج ہیں ۔