سٹنٹ کی تیاری، سائنسدان ثمر مبارک مند کو 35 ملین دینے پر سپریم کورٹ کا نوٹس، پرسوں طلب
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سٹنٹ کی تیاری کے لئے سائنسدان ثمر مبارک مند کو 35 ملین روپے دینے پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے ثمر مبارک مند کو 3 فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت سے بھی رپورٹ طلب کرلی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سٹنٹ کے حوالے سے ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایک رپورٹ کے مطابق ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند کو 2004ء میں مقامی سطح پر سٹنٹ کی تیاری کے لئے 35 ملین روپے ادا کئے گئے تھے لیکن اس کے باوجود نہ سٹنٹ تیار ہوا نہ ہی اس بات کا علم ہے کہ 35 ملین روپے کہاں گئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وہ اس بات کا نوٹس لے رہے ہیں۔