توہین عدالت درخواست، نوازشریف، مریم اور دیگر کو نوٹس، عدلیہ مخالف تقاریر پر غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد
لاہور (وقائع نگارخصوصی) عدلیہ مخالف تقاریر کرنے پر سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست مسترد کر دی گئی۔ شہری امجد حسین نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کے روبرونواز شریف اور مریم نواز کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کیلئے درخواست دائر کی تھی۔ دریں اثنا اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 15 فروری کو طلب کر لیا۔دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر نوازشریف، مریم نواز، کیپٹن (ر)صفدر اور دیگر رہنمائوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار درخواست نہ دیں ایک ہی درخواست کافی ہے۔ نوازشریف ،مریم نواز ، کیپٹن صفدر ، رانا ثنا اللہ اور طلال چودھری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔جسٹس شاہد کریم نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت کے رو برو موقف اختیار کیا کہ جڑانوالہ جلسے میں نوازشریف،مریم نواز،راناثنا اللہ نے عدلیہ مخالف تقریر کی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ن لیگ کے رہنمائوں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پرنوازشریف اوردیگرکونوٹس جاری کرتے ہوئے کہا باربار درخواست نہ دیں ایک ہی درخواست کافی ہے۔عدالت نے نوازشریف ، پیمرا، الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 14 فروری تک ملتوی کردی۔