ہماری جنگ افغان حکومت نہیں امریکہ سے رہی ہے، طالبان ترجمان
کابل (آئی این پی)افغان طالبان نے کہا ہے کہ ان کی جنگ افغان حکومت سے نہیں جارح امریکا سے ہے۔ جنگ میں واشنگٹن کو مزید کئی گنا زیادہ جانی اور مالی نقصان اٹھانا ہوگا۔امریکی ٹی وی کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہاکہ امریکی صدر اپنے جنگ و جدل کے بیان میں طالبان سے پھولوں کے بجائے سخت ردعمل کی توقع رکھیں۔ ذبیح اللہ نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ کو جنگ میں مزید جانی و مالی نقصان اٹھانا ہوگا۔ طالبان نے ہمیشہ باہر سے آنیوالے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز بیان میں افغان طالبان سے امن مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہاتھاکہ اب افغانستان میں عسکریت پسندوں اور دہشتگردوں کا صفایا کردیا جائیگا۔ افغان حکام نے کہاکہ وہ طالبان کو تشدد سے روکنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔