امتحانی نظام میں کرپشن کسی طور برداشت نہیں : کمشنر ملتان
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ امتحانی نظام میں کرپشن کسی طور بھی قبول نہیں، لوگوں کا ہمارے امتحانی نظام پر اعتماد ہے اور ہمیں اسے قائم رکھنا ہے۔تعلیمی بورڈ کے ملازمین و افسران ہمارا سرمایہ ہیں وہ لوگوں کی خدمت کو شعار بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیمی بورڈ ملتان میں سابق چیئر مین بورڈ پروفیسر ریاض ہاشمی کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب ، ایمپلائیز سپورٹس مقابلے اور ملازمین میں عمرے کے ٹکٹ ، موٹرسائیکل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلال احمد بٹ نے کہا کہ ہمارے امتحانی نظام پر لوگ اعتماد رکھتے ہیں ہمیں بھی اس کو قائم رکھنا ہے ، اگر ہم ایمانداری سے فرائض انجام دیں گے تو لوگوں کا ہم پر اعتماد بڑھے گا اور ہم لوگ قابل، ہونہار اور اہل طلبہ و طالبات کو آگے لائیں گے جو حقیقی معنوں میں ملک و قوم کا نام عالمی سطح پر روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میںآپ لوگوں کیلئے عمرے کے علاوہ حج ٹکٹوں اور سنٹرل ائیر کنڈیشنڈ عمارت کیلئے بھی کاوششیں جاری رکھوں گا۔ کمشنر ملتان نے مزید کہا کہ بہت جلد تعلیمی بورڈ کی عمارت کی تزئین و آرائش کا کام شروع کر دیا جائے گا جبکہ واٹر پیوریفیکیشن پلانٹ بھی لگایا جائے گا۔انہوں نے سابق چیئر مین بورڈ ریاض ہاشمی کیلئے بھی نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ سیکرٹری تعلیمی بورڈ کستوری ارشاد نے کہا کہ کمشنر ملتان بلال احمد بٹ کی طرف سے چیئرمین بورڈ کا چارج سنبھالنے پر ہم اپنائیت محسوس کر رہے ہیں۔اس سے قبل بھی کمشنر ملتان ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ منسلک رہے ہیں اور اب ان کے نئے آئیڈیاز سے ہمارے امتحانی نظام میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر ریاض ہاشمی کو بہترین منتظم کے ساتھ ساتھ خوبصورت انسان پایا ۔ سابق چیئر مین پروفیسر ریاض ہاشمی نے کہا کہ ملتان سے خوبصورت یادیں لیکر جارہا ہوں ، تمام افسران و ملازمین کے تعاون کے باعث بطور چیئر مین تعلیمی بورڈ کی ترقی کیلئے کام کرسکا ۔ بعد ازاں کمشنر ملتان و چیئرمین تعلیمی بورڈ بلال احمد بٹ نے عمرہ کے ٹکٹ حاصل کرنے والے 8 خوش نصیبوں اور ایک غیر مسلم ورکر میں موٹر سائیکل بھی تقسیم کی۔ اس موقع پر کنٹرولر تعلیمی بورڈ ظفر اقبال طاہر، ملک نثار اعوان و دیگر افسران اور ملازمین بھی موجودتھے۔