اراکین مسائل کے حل کیلئے افہام و تفہیم کا مظاہرہ کریں، میئر حیدرآباد
حیدرآباد( نمائندہ نوائے وقت)مئیر حیدرآباد و کنونئیر کونسل بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا کہ کونسل بلدیہ شہری مسائل کے حل کا موثر ایوان ہے جو بنیادی سہولیات کے اداروں سے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے ،اراکین کونسل ایوان کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے شہری مسائل کے حل کے لئے افہام تفہیم کا مظاہرہ کریں، ہم باہمی مشاورت سے ہی شہری مسائل کے حل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے،شہریوں نے ہمیں اپنے مسائل کے حل کے لئے منتخب کیاہے ہم بحث برائے بحث میں الجھے رہے تو شہریوں کو کیا جواب دینگے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل کے عمومی اجلاس کے دوران حزب اختلاف اور حزب اقتدار کے مابین تکرار پر رولنگ دیتے ہوئے کیا،اجلاس میں ڈپٹی میئر سید سہیل مشہدی ،میونسپل کمشنر شاہد علی خان شریک تھے،اس موقع پر حزب اختلاف نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا،کنوینئر نے انہیں منا کر واپس ایوان میں لانے کی ہدایت کی ،اراکین انہیں منا کر ایوان میں لے آئے،اور افہام و تفہیم سے اجلاس کی کاروائی جاری رکھنے کی یقین دہانی کراکے اجلاس دوبارہ شروع کیا گیا،یوتھ ممبر اعزاز حسین پہنورکے ڈائریکٹر پارکس اور کھیلوں کے گراونڈ کے متعلق نجمی سوالات پر ڈائریکٹر پارکس محسن شیخ نے جوابات دیئے ،جبکہ شعبہ لینڈ کے زیر انتظام رہائشی،تجارتی،اور فلاحی اراضی کی فروخت و کھاتہ تبدیلی فیس اور دیگر چارجز کی شرح میں ردوبدل و اضافے کے معاملہ پر چیئرمین لینڈ کمیٹی عمران بشیر نے کہا کہ معاملہ سے متعلق اراکین کی تجاویز آئی ہیں،لہذا اس معاملے کو آئندہ اجلاس تک موخر کیا جائے۔