اے این ایف نے ایک ارب 61 کروڑکی منشیات برآمد کرلی
کراچی(خبرنگار)اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے ملک کے مختلف علاقوں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کی گئی24کاروائیوں کے دوران ایک ارب 61 کروڑ 70 لاکھ روپے عالمی مالیت کی 1.116 ٹن منشیات برآمد ،منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 4خواتین سمیت27ملزمان گرفتار جبکہ 8گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں748.6کلو گرام افیون، 348.9 کلوگرام چرس ، 17.2 کلوگرام ہیروئن اور1.2 کلوگرام ایمفیٹا مائن شامل ہے۔ اے این ایف کوئٹہ نے ضلع کلہ عبداللہ کی تحصیل دیوبندی کے پہاڑی علاقے سے25کلوگرام افیون قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق، مذکورہ منشیات کسی دوسرے گروہ کے حوالے کی جانی تھی۔ دوسری کاروائی کے دوران، اے این ایف کوئٹہ نے تحصیل و ضلع کلہ عبداللہ کے علاقے کلی دولنگی میں ایک کاروائی کر کے 703 کلوگرام افیون اور 58 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، مذکورہ منشیات کسی دوسرے گروہ کے حوالے کی جانی تھی۔ تیسری کاروائی کے دوران ،اے این ایف کوئٹہ نے کوئٹہ کے رہائشی نور محمد نامی ملزم کو گرفتار کر کے 5 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ اے این ایف راوالپنڈی ایئرپورٹ ٹیم نے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اسلام آباد پر کاروائی کے دوران گجرات کے رہائشی افضل علی نامی مسافر کے ہینڈ بیگ سے 1.1 کلو گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم پرواز نمبر EY-234 کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہو رہا تھا۔ دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے سنجوال چوک، اٹک کے قریب ایک موٹرسائیکل روک کر اس پر سوار صوابی کے رہائشی ایاز اور پشاور کے رہائشی محمد تیمور خان نامی 2 ملزمان کے قبضے سے 1.1 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اقبال شہید ٹول پلازہ، اٹک کے قریب نوشہرہ کی رہائشی خاتون صابرہ نامی ملزمہ کے قبضے سے 2 کلو گرام افیون برآمد کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔