ڈاکٹر عاصم کو سندھ ہائر ایجوکیشن کی سربراہی سے برطرف کیا جائے، ایاز پلیجو
حیدرآباد( نمائندہ نوائے وقت) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ 466 ارب روپے کی کرپشن میں ملوث ڈاکٹر عاصم کو سندھ ہائرسندھ ایجوکیشن کمیشن کا سربراہ مقر ر کرکے پیپلزپارٹی نے پیغام دیا ہے کہ جو جتنا زیادہ کرپٹ ہوگا۔اسے اتنا ہی نوازا جائے گا انہوں نے ان خیالات کا اظہار بی 48 پرنس ٹائون میں کارکنوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کرپشن، دہشت گردوں کے علاج اور سہولت کاری میںملوث ہیں۔ رحمن ملک، ملک ریاض اور ڈاکٹر عاصم ایم کیو ایم لندن الطاف حسین اور آصف زرداری کے درمیان پل رہئے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے دہشت گردوں اور کرپٹ افراد کو تحفظ دیا ہے نیب کرپشن کے خلاف کارروائی کرتا ہے تو اسے غیر موثر بنادیا جاتا ہے۔ رینجرز دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرتے ہیں تو انہیں چلنے نہیں دیا جاتا۔ وفاقی ادارے کرپشن کیخلاف کارروائی کرتے ہیں تو صوبائی خود مختاری یاد آجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ سپریم کورٹ، نیب، ایف آئی اے اور دیگر ادارے سندھ میں کرپشن پر خاموش ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عاصم کو فی الفور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی سربراہی سے برطرف کیا جائے ۔ کمیشن کا سربراہ ماہر تعلیم، بے داغ اور شفاف شخصیت کو مقرر کیا جائے۔