تحریک انصاف کی ریلی‘ نوازشریف کا ترانہ گونج اٹھا‘ وقت کی آواز تو گونجے گی‘ مریم نواز
لاہور(ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی اس سے بڑی فتح کیا ہوگی کہ مخالفین کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کو کچھ نہیں ہے۔ ان کی ہر بات نوازشریف سے شروع ہو کر ان ہی پر ختم ہوتی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ کوئی دس ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کا ناممکن کام بھی کرگیا اور کوئی ساڑھے چار سال بعد بھی ناکامی کی شرمندگی کو الزامات میں چھپا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے اور عوامی خدمت کیلئے دن رات ایک کرنا پڑتا ہے۔ لیڈروں کو اپنا آرام قربان کرنا پڑتا ہے، خیبر پی کے میں کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے سیاسی مخالفین کو نام لیے بغیر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے خدمت کی ہوتی تو آج یوں ہزیمت نہ اٹھانا پڑتی۔ نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں عوامی خدمت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مخالفین اپنی شرمندگی کو چھپانے کیلئے نواز شریف پر الزامات لگا رہے ہیں۔ 5سال آپ دوسروں کو گالیاں دیتے رہے، الزامات لگاتے رہے، کیچڑ اچھالتے رہے، اب عوام کے سامنے اعمال دکھانے کا وقت آیا تو حیلے بنائو بہانے تراشو!مردان میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں سائونڈ سسٹم سے نوازشریف کا ترانہ گونج اٹھا جس پر پی ٹی آئی کے کارکنوں میں بے چینی پھیل گئی۔ مردان میں تحریک انصاف نے عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر ایک ریلی کا اہتمام کیا تھا جس میں سائونڈ سسٹم سے اچانک نوازشریف کا ترانہ چلنا شروع ہوگیا۔ نوازشریف کا ترانہ چلنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں میں بے چینی پھیل گئی اور پھر جب لوگوں کو غلطی کا احساس ہوا تو ترانے کو بند کرادیا گیا۔ اس پر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ نوازشریف تو وقت کی آواز ہیں اور یہ آواز تو گونجے گی۔