ڈیڑھ سو سال بعد پہلی مرتبہ ’’سپر بلیو بلڈ مون گرہن‘‘ پاکستان سمیت کئی ممالک میں دیکھا گیا
اسلام آباد‘ ملتان(نیٹ نیوز‘ خبر نگار خصوصی ) گزشتہ شام ڈیڑھ سو برس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپر بلیو بلڈ مون گرہن یعنی سرخی مائل نارنجی چاند کے نظارے کو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھا گیا۔ خیال رہے کہ انگریزی مہینے میں 2 بار دکھائی دینے والا چودھویں کا چاند ’’بلیو مون‘‘ کہلاتا ہے اور ایسے میں چاند کو اگر مکمل گرہن لگ جائے تو اسے ’’بلڈ مون‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔اے ایف پی کے مطابق ’’سپر بلیو بلڈ مون گرہن‘‘ شمالی امریکہ‘ مشرق وسطیٰ ‘روس‘ بھارت اور آسٹریلیا میں بھی دیکھا گیا۔ ملتان سے خبر نگارکے مطابق سپر مون کا دورانیہ تقریباً ایک گھنٹہ رہا ۔ سپرمون پاکستان میں 5 بج کر 52 منٹ پر شروع اور 7 بج کر 8 منٹ پر ختم ہوا۔