چیف جسٹس ثاقب نثار کا ایبٹ آباد میں ملا زمہ بچی کی پر اسرار موت کا ازخود نو ٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ایبٹ آباد کے ہسپتال میں ملا زمہ بچی کی پر اسرار موت کے واقعے کا ازخود نو ٹس لیتے ہوئے آئی جی کے پی کے سے تین دن میں رپورٹ طلب کر لی ہے،ملا زمہ بچی کے پی کے وزیر ہائیر ایجو کیشن مشتاق غنی کے بھائی شعیب غنی کے پاس ملا زمہ تھی جو کہ 25جنو ری کو ایبٹ آباد ہسپتال میں پر اسرار طور پر ہلا ک ہو گئی ،عدالت نے اس پر اسرار موت کے واقعے کا نو ٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کے پی کے سے تین دن میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔دریں اثناء ،فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارشات پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے بچی کی قبرکشائی کی اجازت دیدی۔ جس کے بعد کمسن ملازمہ مصباح کی قبر کشائی آج (جمعرات کو )کی جائے گی۔پوسٹ مارٹم کے ذریعے معلوم کیاجائے گا کہ موت تشدد سے ہوئی یا ڈاکٹروں کی غفلت سے یا وجہ کچھ اورتھی۔پولیس ذرائع کے مطابق بچی کے والدین موت کو طبعی موت قرار دے رہے ہیں اور وہ قبرکشائی کے لئے راضی نہیں ہیں۔