پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کے ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے . طاہر منظور چوہدری

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر طاہر منظور چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کے ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے جنہوں نے معیشت کے روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ غیر روایتی شعبوں پر بھی توجہ دی اور اس کے بہترین نتائج برآمد ہوئے۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کاسمیٹکس ، ہیئر کیئر اینڈ سکن کیئر انڈسٹری کے وفد سے خطاب کررہے تھے، وفد کی سربراہی لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہیئر کیئر، سکن کیئرکی کنوینر عائشہ فاروقی کررہی تھیں جبکہ وفد کے دیگر اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ طاہر منظور چوہدری نے کہا کہ ملکی معیشت کے بہت سے شعبے ایسے ہیں جن کو فروغ دے کر پاکستانی معیشت مستحکم کی جاسکتی ہے مگر ان پر خاطر خواجہ توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کی ترقی ضروری ہے اور اس کو بین الاقوامی معیار کے برابر لانے کے لئے حکومت کو اس شعبے سے تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کاسمیٹکس اور دیگر مصنوعات کی نقل کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے کیونکہ یہ اصل برانڈز کو بری طرح نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ہیئر کیئر اینڈ سکن کیئر کی کنوینر عائشہ فاروقی نے کہا کہ کرونا نے دیگر صنعتوں کی طرح اس صنعت کوبھی بہت نقصان پہنچایا ہے اور اسکے دوسرے اٹیک کو کنٹرول کرنے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ وفود کے ممبران نے کاسمیٹکس، بیوٹی پارلر سے منسلک ممبروں کے لئے کانفرنس، سیمینارز اور کلاسز کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔میٹنگ کے دوران،لاہورچیمبر کے ممبروں کیلئے بیوٹی پارلرزسے علاج معالجے اوردیگر سروسز میں رعایت کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفد کے ممبران آسیہ خان، انیشہ یوسف، رحما حسن، طوبی خان، ثنا شیراز جاوید، عظمی حمزہ، ثانیہ شاہ، شہناز، سونیا خان، نادیہ، عاصمہ عمر اور آمنہ علی خان نے بھی خطاب کیا۔