ٹوکیو سٹاک مارکیٹ کے حصص میں اضافہ

امریکی فارماسیوٹیکل فرم موڈرنا کی جانب سے اپنی کوویڈ۔19 ویکسین کی امریکی و یورپی حکام سے منظوری کی درخواست کے بعد منگل کو ٹوکیو سٹاک مارکیٹ کے حصص میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ابتدائی تجارت کے دوران نکی 225 کےانڈیکس میں 250.40 پوائنٹس اضافہ ہوا جو دن کے اختتام پر 13.73 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1768.65 پوائنٹس پر بند ہوا۔ جاپان کی سرمایہ کاری بینکاری اور سیکیورٹیز فرم میزوہو سیکیورٹیز کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار امریکی حصص میں کمی اور اندرون ملک کورونا وائرس کے معاملات میں اضافے کو ناپسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جبکہ وہ کورونا وائرس کے خاتمے کی نئی ویکسین کے بعد معمول کی معاشی سرگرمیوں کے امکانات کے حوالے سے بھی پرامید نہیں ۔ دوسری جانب امریکی فارماسیوٹیکل فرم موڈرنا کا کہنا ہے کہ 94.1 فیصد مثبت نتائج کی شرح سے ویکسین کی افادیت کی توثیق ہوئی ہے ۔دوسری جانب امریکی دواساز کمپنی فائزر اور جرمن فارماسیوٹیکل فرم بائیو ٹیک نے باہمی اشتراک سے تیار کی جانے والی کوویڈ ۔19 ویکسین کی منظوری کے لئے یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) سے باقاعدہ اجازت بھی طلب کر لی ہے ۔ درخواست منظور ہونے پر توقع ہے کہ 10 دسمبر کے فوری بعد یہ ویکسین امریکہ میں دستیاب ہوگی۔ موڈرنا نے آئندہ سال کے اوائل سے جاپان کی فارماسیوٹیکل کمپنی ٹیکڈا کے ذریعے ویکیسن کی 40 ملین سے زیادہ خوراکوں کی فراہمی پر جاپانی حکومت سے اتفاق کیا ہے۔