پانچویں حسن طارق رحیم میموریل ٹینس چیمپیئن شپ 5 دسمبر 2020ء سے لاہور میں منعقد ہوگی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پانچویں حسن طارق رحیم میموریل ٹینس چیمپیئن شپ 5 دسمبر 2020ء سے لاہور جم خانہ کے گراس کورٹ پر منعقد ہوگی۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مرد و خواتین کھلاڑیوں کی انعامی رقم برابر رکھی گئی ہے۔ اس بات کا اعلان ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اور جم خانہ ٹینس کلب کے سیکرٹری وقار نثار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپیئن شپ میں ملک بھر کے تمام ٹاپ سیڈ مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لینگی۔ پاکستان کے ٹاپ ٹینس سٹار اعصام الحق نے انجری کے باعث چیمپیئن شپ میں شرکت سے معذرت کر لی ہے جبکہ عقیل خان۔مزمل مرتضی۔عشنا سہیل۔سارہ محبوب سمیت تمام معروف کھلاڑی شریک ہونگے۔ چھ روز تک جاری رہنے والے چیمپیئن شپ میں مینز۔لیڈیز۔بوائز اورمینز ڈبلز کے مقابلے شیڈول ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑی انعامی رقم والا ٹورنامنٹ ہوگا۔ پہلی مرتبہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مردوں کی طرح خواتین کھلاڑیوں کو بھی برابر انعامی رقم ملے گی۔ فاتح کھلاڑی کو ڈیڑھ لاکھ، رنر اپ کو 75 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ چار دسمبر کو مین راونڈ کے ڈراز نکالے جائیں گے۔ فائنلز گیارہ دسمبر کو ہوں گے۔ منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ میں کوویڈ ایس او پیز پر سختی سے عمل ہوگا۔ نشتوں کے لحاظ سے محدود تماشائیوں کو میچز دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔