وین، بس میں ہولناک تصام ، ایک خاندان کے 7افراد سمیت 13زندہ جل گئے

لاہور‘ نارنگ منڈی‘ فیروز والا‘ نارووال‘ شیخوپورہ (نیوز رپورٹر‘ نامہ نگاران‘ نمائندہ نوائے وقت‘نمائندہ خصوصی) نارنگ منڈی کے علاقے کالا خطائی روڈ پر آلہ پور سیداں کے قریب خطرناک موڑ پر شدید دھند کے باعث وین اور مسافر بس میں ہولناک تصادم سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت 13 افراد زندہ جل کر جاں بحق جبکہ 25 افراد کو تشویشناک حالت میں مریدکے اور لاہور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ بد قسمت ٹیوٹا وین میں ایک ہی خاندان کے7 افراد نواحی گائوں فتح ریان سے شادی کی تقریب کے بعد علی الصبح واپس اپنے گائوں کلہ مہاراں جا رہے تھے کہ نارنگ منڈی کے علاقہ آلہ پور سیداں کے قریب شدید دھند کے باعث نارووال سے لاہور جانے والی مسافر بس سے خوفناک تصادم کے باعث وین میں نصب ہیوی سلنڈر زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے بس کو بھی آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بس کے مسافروں نے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں اس کے باوجود کئی مسافر زخمی ہو گئے جبکہ وین میں تمام مسافر زندہ جلتے رہے اور انہیں بچایا نہ جا سکا۔ جبکہ فائر بریگیڈ کی گاڑی مریدکے سے ایک گھنٹہ کی تاخیر سے پہنچی اور اس وقت تک مسافر جل چکے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں موضع ڈیرایانوالہ کے حاجراں بی بی، شائزہ بی بی عمر22سال، حسین عمر 14سال والد کا نام منظور حسین اور یہ دنوں آپس میں بہن بھائی بتائے جاتے ہیں جبکہ دیگر میں مجاہد حسین اور وجاہت حسین دونوں بھائی جبکہ محمد افضل کی بیوی ثمینہ اور اسکا12سالہ بیٹا جو ساکن کلہ منڈیلہ سے تعلق رکھتے تھے شامل ہیں۔ المناک حادثہ کی خبر جب اہل خانہ کو ملی تو گھر سمیت پورے گائوں میں کہرام مچ گیا۔ گھر والوں کو غشی کے دورے پڑنے لگے اور ہر آنکھ اشک بار ہوگئی۔ نارنگ پولیس نے بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انتظامی افسران اور منتخب نمائندے زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی مانیٹرنگ کریں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ سے حادثے کے بارے میں رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیںصوبائی وزیر قدرتی آفات میاں خالد محمود نے نارنگ منڈی کالا خطائی روڈ پر ہونے والے افسوسناک حادثہ پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزیر قدرتی آفات میاں خالد محمود نے جائے حادثہ پر پہنچ کر حادثہ کی جگہ کا بغور جائزہ لیا اور زخمیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بہت بڑا سانحہ ہے جس کا انتہائی دکھ اور افسوس ہے۔ اﷲ تعالیٰ سب لوگوں کو ایسے حادثات و آفات سے محفوظ رکھے۔ غم کی اس گھڑی میں اور حکومت پنجاب حادثہ میں فوت ہونیوالے اور زخمی ہونے والے اہل خانہ کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔