کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں کار سوار ملزمان نے ایک لڑکے کو گولی مار کر شدید زخمی کر دیا اور اس کی ساتھی لڑکی کو اغوا کرکے فرار ہوگئے۔واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، مغویہ اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔ایس ایس پی سائوتھ شیراز نذیر کے مطابق واردات درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس میں خیابان بخاری کی بخاری کمرشل اسٹریٹ پر ہوئی۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ جوڑا بڑا بخاری کی مین اسٹریٹ پر سڑک پر پیدل جا رہا تھا کہ کار میں سوار ملزمان وہاں پہنچے اور لڑکے کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا جبکہ لڑکی کو زبردستی کار میں اغوا کرکے فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق زخمی کو فوری طور پر ایک نجی ہسپتا ل منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت حارث سومرو کے نام سے ہوئی۔ابتدائی تفتیش کے دوران لڑکی کا نام دعا منگی سامنے آیا ہے جس کا آخری اطلاعات تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔پولیس نے کہا کہ زخمی کی حالت تشویشناک ہے اور اسے گردن میں گولی لگی ۔ایس ایس پی سائوتھ شیراز نذیر کے مطابق واقعہ کے بعد علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی ۔ کچھ عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے اور حقیقی نوعیت جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024