لندن برج حملہ آور کی شناخت پاکستانی نژاد عثمان کے نام سے ہوگئی
لندن + ہیگ (عارف پندھیر، نیوز ایجنسیاں) لندن برج حملہ آور کی شناخت پاکستانی نژاد برطانوی شہری عثمان خان کے نام سے ہوگئی، جو اس سے قبل 2012 میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کرسمس کے موقع پر بم حملے کی منصوبہ بندی کے جرم میں جیل کاٹ چکا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ میں لندن برج پر ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے 3 افراد کو زخمی کردیا تھا، جسے پولیس نے موقع پر ہی گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ بعدازاں میٹروپولیٹن پولیس نے مذکورہ حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برطانوی شہری عثمان خان کے نام سے کی جس کا تعلق اسٹریفرڈ شائر کے علاقے سے تھا۔ اس ضمن میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نیل باسو نے بتایا کہ ’اب ملزم کی شناخت کی تصدیق کرنے کی پوزیشن میں ہیں، جو 28 سالہ عثمان خان تھا اور اسٹیفرڈ شائر کا رہائشی تھا، پولیس نے اس کی رہائش گاہ کی بھی تلاشی لی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید بتایا کہ ’2012 میں دہشت گردی کے جرم میں سزا یافتہ ہونے کے باعث مذکورہ حملہ آور کی معلومات حکام کے پاس موجود تھیں، عثمان خان دسمبر 2018 میں رہا ہوا تھا۔ دوسری جانب لندن کے بعد ہالینڈ کے شہر ہیگ میں بھی چاقو بردار شخص کے حملے میں کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ چاقو زنی کا واقعہ شہر کی ایک بڑی مارکیٹ میں پیش آیا، واقعے کے بعد شہریوں میں افراتفری مچ گئی اور وہ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ پولیس کو سرمئی رنگ کے لباس میں ملبوس 45 سے 50 سالہ شخص کی تلاش ہے جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ حملے میں ملوث ہوسکتا ہے۔ جائے وقوعہ پر ہنگامی امداد کے لیے عملہ پہنچ گیا ہے، پولیس کے مطابق حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین سے واقعے سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔ حساس ادارے عثمان سے متعلق آگاہ تھے۔ وزیراعظم بورس جانس نے ایمرجنسی کوبرا کمیٹی کی میٹنگ طلب کر لی۔ کوبرا کمپنی لندن برج واقعے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ملکہ برطانیہ نے لندن برج پر ہوئے چاقو حملے کے متاثرین کے اہلخانہ کیلئے تعزیت کا پیغام پہنچایا ہے۔ ہلاک شدگان کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان کیلئے دعا گو ہیں۔