راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے سے پاک بھارت عوام میں امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی: ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے سے پاک بھارت عوام میں امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔دفترخارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرتارپور راہداری منصوبے کو آگے بڑھائے گا، راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے سے پاک بھارت عوام میں امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی ہے، سنگ بنیاد کی تقریب میں بھارتی مہمانوں کی شرکت کے مشکور ہیں، بڑی تعداد میں سکھ یاتریوں کی تقریب میں شمولیت باعث افتخار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آئندہ برس بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن منانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ پاکستانی احسن کوشش کے خلاف بات کرنے والے اینٹی پاکستان ہیں جو ناکام ہونگے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امید ہے دونوں ممالک کا ہر قدم کرتارپور راہداری کی بہتری کے لئے ہوگا جب کہ ہم اپنے طرف سے پاک بھارت انٹرنیشنل بارڈر تک راہداری کی تعمیر کا آغاز کرنے والے ہیں۔