چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے پانامہ کیس میں ایک کے بعد ایک جھوٹ بولا گیا۔ کوئی پاکستانی نہیں جس نے قطری خط کا مذاق اڑایا ہو، سچ ایک ہوتا ہے، انہیں بار بار تقریر کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ قطری خط دکھا کر جھوٹ کی داستانیں سنائی گئیں۔ بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا نواز شریف کے پاس مے فیئر فلیٹ کا منی ٹریل موجود نہیں۔ ان کو پتہ ہے جائیداد ثابت کرنے کیلئے ان کے پاس کوئی منی ٹریل نہیں۔ بدھ کے روز نئی دستاویز سامنے آئی ہیں۔ ان ہی کے کاغذات نے ثابت کیا جب دبئی میں پیسہ ہی نہیں تھا منی ٹریل کیسے ثابت ہو۔ عدالت سمیت ہر جگہ قطری خط کا مذاق اڑایا گیا۔ قطری شہزادے کا خط کہانی تھی۔ قطری خط وزیراعظم کی تینوں تقریروں کو زیرو کر دیتا ہے۔ ہمیں تو پتہ ہی نہیں انہوں نے چھپ کر ٹرسٹ ڈیڈ ڈالدی۔ نواز شریف بے گناہ ہوتے تو اسمبلی میں اپنی بے گناہی ثابت کرتے۔ نقل کیلئے بھی عقل چاہئے لیکن جب اتنا جھوٹ بولیں گے غلطی تو پھر ہو گی۔ عوام سمجھ گئے ہیں بار بار جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ پیسہ دبئی سے نہیں گیا تو اس کا مطلب ہے منی لانڈرنگ سے گیا۔ ان کی جائیدادیں اور پیسہ باہر ہے بوجھ عوام پر ڈالا جاتا ہے۔ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر بوجھ ڈالا گیا۔ ایف بی آر کا کام ہے طاقتور کو بھی ٹیکس نہ دینے پر عدالت لے جائے۔ یہ شہزادی اور شہزادوں کی طرح رہتے ہیں ان کے پاس پیسہ کہاں سے آتا ہے۔ نواز شریف اور ان کے خاندان کی جائیدادیں باہر ہیں، نواز شریف نے انتخابات میں بھی دھاندلی کی۔ شریف خاندان ٹیکس چوری میں ملوث ہے، نواز شریف نے سچ کہا تھا جو کرپشن کرتا ہے پیسہ اپنے پاس نہیں رکھتا۔ منی لانڈرنگ ہو رہی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ دریں اثناءاپنے ٹویٹر پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی نواز شریف کو پانامہ لیکس معاملے میں نہیں بچاسکتے۔نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کی گئی ٹیلیفونک گفتگو پر عمران خان نے کہا کہ نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ کی نوازشریف سے بات چیت اچھی خبر ہے لیکن بری خبریہ ہے ٹرمپ سے گفتگو نوازشریف کوپانامہ سکینڈل سے نہیں بچاسکے گی۔نواز شریف کا امریکی صدر سے رابطہ انہیں پانامہ کیس میں مدد فراہم نہیں کر سکتا،اگر ٹرمپ کا خط بھی آ جائے تو نواز شریف کو بچا نہیں سکے گا۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024