ضلعی اور تحصیل ہیلتھ کونسلز کو ہر صورت فعال کیا جائیگا: عامر جان
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)ڈی سی او گوجرانوالہ محمد عامرجان نے کہا ہے کہ ہیلتھ مراکز اور ہسپتالوں کو ایک ماہ میں بہترین حالت میں لائیں گے ، پہلے مرحلے میں نوشہرہ ورکاں کے بنیادی اور دیہی ہیلتھ مراکز کو بہتر بنایا جائے گا ، اسسٹنٹ کمشنرز اور سب راجسٹرارزسمیت 8افسران کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ہیں ان خیالات کا اظہار انہوںنے صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے اوروزیر اعلیٰ پنجاب ہیلتھ ریفارمز پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلہ میں بلائے گئے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر طارق قریشی ، ڈی او کوارڈینیشن رانی حفصہ کنول ،ڈی ایم او امان اللہ ، ای ڈی او ہیلتھ سعید اللہ خاں، اسسٹنٹ کمشنرز ، ایم ایس ٹی ایچ کیوز ، ایس ایم از اور دیگر افسران شریک تھے ،ڈی سی او محمد عامر جان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمدشہباز شریف کی وژن کے مطابق ضلعی اور تحصیل ہیلتھ کونسلز کو ہر صورت فعال کیا جائے گا اور ضلع بھرکے چھوٹے بڑے ہسپتالوں ، ہیلتھ مراکز کو ترجیحی بنیادوں پر اپ گریڈ کیا جائے گا ، وائٹ واش ، آلات کو فنکشنل ، فرنیچر کی فراہمی، صاف بیڈز اور بیڈ شیٹس ، ایئر کنڈیشنز، لان کو خوبصورت بنایا جائے گا ۔ انہو ںنے بتایا کہ نوشہرہ ورکاں کے دیہی اوربنیادی ہیلتھ مراکز کو اپ گریڈ اور صاف ستھر ا بنانے کے لیے ٹاسک ڈی او کوارڈ، پانچوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، سب رجسٹرار اربن، رورل ، جنرل اسسٹنٹ ریونیو ،اور ڈی ڈی او ایچ آر ایم کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ، تمام افسران کو 2سے 3ہیلتھ مراکز دیئے گئے ہیں ، افسران7روز میں ہیلتھ مراکز کے مسائل کی نشاندہی ،ڈی او بلڈنگز اور مانیٹرنگ سٹاف کے تعاون سے حالت زار بہتر بنائینگے۔