سیرت النبی کو اپنا کر ہی عدل و انصاف یقینی بنایا جا سکتا ہے‘ ثروت قادری
کراچی ( نیوزرپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ جشن میلاد مصطفےٰ ﷺ منانا شرک کا قلع قمع اور توحید کا پر چارکرتاہے،حضور اکرم ﷺ کی سیرت کو اپنا کر ہی عدل و انصاف کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ، عید میلاد مصطفی ﷺکے پرگراموں کو لاﺅڈ اسپیکر ایکٹ سے مستثنیٰ قرا ردیا جائے ، ربیع الاول کے 12روزکراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عید میلاد النبی ﷺکے جلسے ،جلوسوں ،ریلیوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرئے ،سندھ اسمبلی کا اقلیتوں کے نام پر بل ملک کے آئین سے بغاوت ہے ،یہ بل اقلیتوں کے بنیادی حقوق سلب کرنے کے بھی مترادف ہے۔کارکنان عید میلاد مصطفی ﷺشایان شان منانے کے لیے گلی محلہ اور گھروں کو سبز پرچم سے سجائیں اور درودو سلام سے ملک بھر میں فضاءکو معطر کردیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر رابطہ کمیٹی ،علماءبورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مسلمان خلاف اسلام اور آئین سے متصادم قوانین کو کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے ۔حکومت سندھ اسلام اور آئین سے ٹکراﺅ کے اس بل فوری واپس لے ،ایسے قوانین سے اجتناب برتا جائے جس سے عوام کے مذہبی جذبات واحساسات کو ٹھیس پہنچے۔