میڈیکل کالجز میں داخلے‘ ہائیکورٹ نے یو ایچ ایس کو آج میرٹ لسٹیں لگانے سے روکدیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو میڈیکل میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کی میرٹ لسٹیں کل آویزاں کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے پی ایم ڈی سی، طلبہ اور کالجز کی درخواستوں پر سماعت کی۔ 2 دسمبر کو اٹارنی جنرل کو بھی معاونت کیلئے طلب کر لیا۔ طلبہ کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ فارن سیٹوں پر طلبہ کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔ نجی میڈیکل کالجز کے وکلاء نے کہا کہ طلبہ کے داخلے کر چکے ہیں لٰہذا طلباء کو تعلیم جاری رکھنے دی جائے۔ پی ایم ڈی سی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تمام کالجز میں میڈیکل کے طلبہ کا میرٹ 80.5 فیصد بنا ہے۔ اس میرٹ کے مطابق طلبہ کو داخلے دینگے، اس میرٹ سے کم طلباء کو داخلہ دینا میرٹ پر آنیوالوں کیساتھ زیادتی ہوگی، نجی میڈیکل کالجز نے طلباء کے داخلے کئے ہی غیرقانونی طور پر ہیں۔ پی ایم ڈی سی نے سیٹ ٹو کرنیوالے طلبہ کے داخلے کا مسئلہ حل کر دیا، لہذا درخواستیں خارج کر کے میرٹ پر میڈیکل کے طلبہ کے داخلے کرنے کی اجازت دی جائے۔