سی پیک کی کامیابی کیلئے عوام کا احساس محرومی ختم کرنا ہو گا‘ طلحہ محمود
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینیٹ کی مجلس قائمہ برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے چیئرمین سینیٹر محمد طلحہٰ محمود نے کہا ہے کہ اگر سی پیک کو کامیاب بنانا ہے تو ہمیں سب سے پہلے بلوچستان اور خاص کار گوادر کے عوام کی محرومیوں کو ختم کرنا ہوگا۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹر محمد طلحہٰ محمود فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام گوادر ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں غریب ہُنر مند خواتین کے درمیان300 سلائی مشینوں کی تقسیم کے دوران کیا۔ اس دوران سی پیک کونسل بیجنگ کے ایگزیکٹیو چیئرمین مسٹر ذاو گو بن بھی اپنے چائنیز وفد کے ہمراہ تھے۔ 9 رُکنی چائنیزگروپ نے سینیٹر محمد طلحہٰ محمود فاﺅنڈیشن کی جانب سے پاکستان کی غریب عوام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔یاد رہے کہ چیئرمین سینیٹ کابینہ کمیٹی سینیٹر محمد طلحہٰ محمود فاﺅنڈیشن کے نام سے ایک فلاحی ادارہ بھی چلا رہے ہیں جس کا مقصد پاکستان میں غریب عوام کی خدمت کرناہے۔ گوادر میں ہُنر مند خواتین کے درمیان سلائی مشینوں کی تقسیم بھی اُسی کڑی کا حصہ ہے۔ اس موقع پر سینیٹر طلحہٰ محمود نے کہا کہ پاکستان میں فی کس آمدنی کی شرح بہت کم ہے لہذا ہماری ملک کی خواتین کو بھی اپنے گھر کا خرچ چلانے کیلئے مردوں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنا ہو گا۔ ہمارے ملک کے پسماندہ علاقوں میں خواتین کو زیادہ تر گھروں سے باہر نہیں جانے دیا جاتا۔ اس لئے فاﺅنڈیشن اُن علاقوں میں موجود ہُنرمند خواتین کے درمیان سلائی مشینوں کی تقسیم کا کام کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی چار دیواری میں بیٹھ کہ اپنے لیئے روزگار شروع کر سکیں اور گھر کا خرچ چلانے میں مردوں کا ہاتھ بٹا کہ ایک عزت کی زندگی گُزار سکیں۔ سی پیک کے حوالے سے چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ سی پیک صرف ایک سڑک کا نام نہیں ہے۔ یہ نا صرف پاکستان اور چین بلکہ اس پورے خطے کی تقدیر بدل دے گا۔