مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا کومبنگ آپریشن،آزادی مارچ پر لاٹھی چارج شیلنگ 15 زخمی، خرم پرویز رہا
سری نگر (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے علاقے جموں میں نگروٹہ فوجی کیمپ پر گزشتہ روز مجاہدین کے حملے کے بعد بھارتی فوج نے نگروٹہ اور اردگرد کے علاقے میں بدھ کے روز دوبارہ کومبنگ آپریشن کیا تاہم اسے کوئی کامیابی نہیں ملی دوسری طرف بھارتی آرمی چیف دلبیر سنگھ سہاگ نے حملے کا شکار نگروٹہ آرمی کیمپ کا دورہ کیا اور تباہی کا جائزہ لیا۔ دوسری طرف مرنیوالے 2 فوجی افسروں اور اہلکاروں کے تابوت انکے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے کٹھ پتلی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے تابوتوں پر پھول چڑھائے۔ دریں اثنا حریت قیادت کی کال پر بدھ کے روز بھی سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں ہڑتال سے معمولات زندگی ٹھپ رہے پلوامہ کے گائوں تہاب میں سینکڑوں افراد نے آزادی ریلی نکالی جس پر بھارتی پولیس اور فوج ٹوٹ پڑی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے 15 کشمیری زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں متحدہ حریت قیادت نے احتجاجی کیلنڈر میں 8 دسمبر تک توسیع کر دی جس کے تحت کل جمعہ کو تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز کی طرف احتجاجی مارچ ہونگے نماز جمعہ کے بعد جلسے جلوس نکالے جائینگے۔ 5 دسمبر کو کشمیر کے تمام علاقوں سے لال چوک کی طرف آزادی مارچ ہو گا۔ علاوہ ازیں کٹھ پتلی حکامنے انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز کو جیل سے رہا کر دیا۔ انہیں ڈھائی ماہ قبل نئی دہلی سے بھارتی پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ جموں و کشمیر ہائیکورٹ نے ان کی نظربندی کو غیر قانونی قرار دیکر رہائی کا حکم دیا تھا۔