احکامات پر عمل نہ کرنیوالے پولیس اہلکاروں کو جیل بھجوائینگے: ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمات میں برآمد ہونے والی منشیات کے نمونوں کو بروقت لیبارٹری نہ بھجوانے اور لیبارٹری رپورٹس پیش نہ کرنے پر پولیس پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو جیل بھجوایا جائے گا۔ جسٹس مظہر اقبال سدھو نے منشیات کے ملزم جاوید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے عدالت کو آ گاہ کیا کہ ملزم سے برآمد ہونے والی منشیات کے نمونے لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں۔ لیبارٹری رپورٹ کا جائزہ لینا قانونی تقاضا ہے۔ پولیس کی جانب سے منشیات کی لیبارٹری رپورٹ بروقت پیشں نہ کرنے پر عدالت نے سیکرٹری پراسیکیوشن اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو فوری طور پر وضاحت کے لئے طلب کر لیا۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ پراسیکیوشن کی جانب سے آئی جی پنجاب کو خط لکھ کر تاخیر سے لیبارٹری رپورٹس بھجوانے پر تحفظات سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ جس پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی رپورٹس نہ آنے سے ہزاروں مقدمات لٹک گئے ہیں‘ غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کو جیل بھجوایا جائے گا۔ کیس کی سماعت آج پھر ہو گی۔