.جنرل قمر کے ساتھ شراکت داری ناقابل شکست بنانے کیلئے کام جاری رکھیں گے: چین
بیجنگ+ واشنگٹن (ایجنسیاں) چین نے نئے آرمی چیف کے طور پر جنرل قمر جاوید باجوہ کے چارج سنبھالنے کے موقع پر پاکستان سے اپنے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کینگ شوانگ نے کہا ہے کہ چین باہمی شراکت داری کو مستحکم بنانے کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔ جب ان سے استفسار کیا گیا کہ پاکستان میں فوج کے نئے سربراہ آئے ہیں اور کیا چین نئے فوجی سربراہ کے ساتھ پاکستان کے ساتھ مضبوط تر تعلقات کی توقع رکھتا ہے تو اس پر ترجمان نے کہا چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی سدا بہار سٹرٹیجک شراکت ہے۔ جو دوطرفہ دوستی آزمائش کی گھڑیوں پر پوری اتری ہے، ہم شراکت داری کو مستحکم بنانے کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ دوطرفہ شراکت دار ی کو ناقابل شکست بنانے کیلئے کام جاری رکھیں گے۔ دونوں ملکوں کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے ہم اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام جاری رکھیں گے۔ امریکی سینٹ کی مسلح افواج کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان میک کین نے پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاک فوج کے نئے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میں جنرل راحیل شریف کو بطور آرمی چیف ان کی ریٹائرمنٹ پر مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم پارٹنر رہے۔ نومبر 2013ء میں عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے پاکستان کی سرزمین پر سرگرم دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کی جامع کوششیں کیں۔ اس جنگ کو خیبر پی کے تک میں لڑا۔ انہوں نے اس بات کا عملی مظاہرہ کیا کہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی پاکستان کی قومی سلامتی کے مفاد میں تھی۔ انہوں نے شاندار ریٹائرمنٹ پر جنرل (ر) راحیل شریف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان کے لئے ان کی خدمات جاری رہیں گی۔ انہون نے مستقبل سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنا یہ عزم واضح کرنا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا انحصار کسی ایک شخصیت پر نہیں اور اس سلسلے میں وہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے انتخاب جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وہ پاکستان کی سویلین حکومت کے ماتحت فوج میں کمان کی اپنے طریق کار کے مطابق دوسری بار منتقلی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔