50 ارب روپے کی جدید 145 ہاویزر توپیں خریدنے کیلئے بھارت کا امریکہ سے معاہدہ ہو گیا
نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارت 50 ارب روپے کی لاگت سے امریکہ سے 145 جدید ایم 777 الٹرا لائٹ ہاویزر توپیں خریدے گا۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ روز معاہدہ ہو گیا۔ مودی کابینہ کی سکیورٹی کمیٹی نے 15 روز قبل اجلاس کے دوران معاہدے کو کلیئرنس دیدی تھی۔ بھارت کو یہ توپیں امریکہ 30 برسوں کے دوران فراہم کرے گا۔ ہاویزر توپیں بھارتی فوج کے زیراستعمال بو فورس توپوں کی جگہ لینگی۔ ان کی فراہمی اگلے برس کے وسط سے شروع ہو گی۔ معاہدے کے تحت 120 توپیں بھارت میں تیار اور ٹیسٹ کی جائیں گی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ہاویزر توپیں ٹیٹینئم سے تیار کئے جانے کے باعث ہلکی اور 4 ٹن وزن کی حامل ہوتی ہیں جنہیں جہازوں کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ ٹارگٹ کے قریب منتقل کیا جا سکتا ہے۔ ہاویزر توپوں کے گولے کی مار 25 کلومیٹر تک ہے اور بھارتی فوج اسے لداخ، اروناچل پردیش اور چین سے ملحقہ لائن آف ایکچول کنٹرول سے ملحقہ علاقے میں استعمال کرے گی۔