لوڈشیڈنگ جاری ‘کمالیہ میں احتجاج گیس کی قلت بھی برقرار‘ لوگوں کو مشکلات
لاہور (نامہ نگاران) بجلی کی لوڈشیڈنگ گزشتہ روز بھی جاری رہی۔ کمالیہ میں بجلی کی بندش کیخلاف مظاہرہ کیا گیا جبکہ گیس کی قلت بھی برقرار رہی جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا اور گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق سردی کے موسم میں اضافہ کے ساتھ ہی گیس کی لوڈشیڈنگ میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا‘ گھریلو خواتین کی مشکلات بڑھ گئیں۔ طلبہ و طالبات تاجر و ملازمین صبح سویرے بغیر ناشتہ کئے اپنے اپنے کاموں پر جانے لگے۔ شہریوں نے احتجاج کیا ہے۔ ملکوال سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے تاجر اور شہری پریشان ہو گئے۔ تاجر اور شہریوں نے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق کمالیہ کے محلہ بلال گنج میں رہائشیوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف روڈ بند کرکے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ شہریوں کا کہنا تھا گذشتہ چار روز سے ہمارے علاقہ میں بجلی کی اوور لوڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اوورلوڈنگ کی وجہ سے ہزاروں روپے مالتی کا گھریلو الیکٹرانک سامان جل گیا۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق گیس کی بندش جاری رہی۔ گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ہوٹل مالکان کی چاندی ہو گئی۔کنگن پور سے نامہ نگار کے مطابق کنگن پور او ملحقہ دیہات میں بجلی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ لوڈشیڈنگ میں کمی کے دعوے دھرے رہ گئے۔ کاروبار زندگی شدید متاثر ہوا۔
لوڈ شیڈنگ