صدر آزاد کشمیر کی ملاقات، بھارت کی طرف سے شہری آبادیوں کے نشانہ بنانے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے: سرتاج عزیز
اسلام آباد (این این آئی)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز سے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے سفارتی کوششوں، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بھارتی شہر امرتسر میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاءکانفرنس کے حوالہ سے پاکستان کی حکمت عملی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے انہیں بتایا کہ اب تک حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق بھارتی فوج پیلٹ گن کے استعمال سے 150 نوجوان کو بصارت سے محروم کر چکی ہے جبکہ 830 نوجوان کی آنکھیں جزوی طور پر متاثر ہوئی ہیں۔ 8 جولائی کے بعد سے سرینگر کی بڑی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی عائد ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بہت دکھی ہیں۔ اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ قومی اسمبلی نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالہ سے ایک قرار داد بدھ کو منظور کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے قومی اسمبلی میں قرار داد منظور ہونے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
سرتاج عزیز