علامہ اقبالؒ نے مسلمانوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کی: جسٹس(ر) ناصرہ
لاہور(خصوصی رپورٹر) علامہ محمد اقبالؒکے افکار نے مسلمانوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کی۔انہوں نے ساری مسلم امہ کو اتحاد اور اتفاق کا درس دیا۔ کلام اقبالؒ کو صحیح معنوں میں سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور میں تقریبات یوم اقبالؒ کے سلسلے میں خصوصی نشست بعنوان ’’افکار اقبالؒ اور خواتین کا کردار‘‘ کے دوران کیا۔ نشست کی صدارت علامہ محمد اقبالؒ کی بہو جسٹس(ر) ناصرہ جاوید اقبال نے کی ۔ اس موقع پرنظریۂ پاکستان ٹرسٹ شعبۂ خواتین کی کنوینر بیگم مہناز رفیع،کنوینر مادرملت ؒسنٹر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، پروفیسر مسرت کلانچوی، بیگم صفیہ اسحاق، بیگم خالدہ جمیل ، پروفیسر حلیمہ سعدیہ،اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔ تلاوت کی سعادت آمنہ مقصود نے حاصل کی جبکہ ایمن علیم نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ نعت پیش کیا۔ عائشہ طارق ، حفصہ عفت، سعدیہ ارشد اور مافیہ ہدایت نے کلام اقبالؒ پیش کیا۔جسٹس(ر) ناصرہ جاوید اقبال نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ نے ہمیں فقر و استغناء کا درس دیا۔ان کے نزدیک انسان میں مال و دولت کی ہوس نہیں ہونی چاہئے۔ علامہ محمد اقبالؒ بہت بڑے عاشق رسولؐ تھے۔ پاکستان اجتہادی سوچ کا نتیجہ ہے اور ہمیں اجتہاد کو اختیار کرنا چاہئے۔بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے تصوراور قائداعظمؒ کی جدوجہد کی بدولت ہمیں ہندوئوں کے غلبے سے آزادی نصیب ہوئی۔ وہ پہلے مفکر ہیں جن کے افکار سے ایک نیا ملک وجود میں آ گیا۔پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ آج فکر اقبالؒ کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ بیگم صفیہ اسحاق نے کہا کہ حضرت علامہ محمد اقبالؒ نے خواتین میں سیاسی شعور بیدار کیا۔پروفیسر حلیمہ سعدیہ نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ نے ہمیں خودی کا درس دیا۔ آپ اپنے آپ کو پہچانیں اور اپنی صلاحیتیں قوم کی اصلاح کیلئے وقف کردیں۔ بیگم خالدہ جمیل نے کہا کہ حضرت علامہ محمد اقبالؒ کی پوری شخصیت اورشاعری عشق رسولؐ کے گرد گھومتی ہے۔پروفیسر مسرت کلانچوی نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ کی شخصیت کے بہت سے پہلوہیں ۔