کشیدگی سے آگاہ، پاکستان، بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے مذاکرات کریں : امریکہ
واشنگٹن(آئی این پی+آن لائن ) امریکہ نے اپنے شہریوں کے لئے سفری ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے انہیں پاکستان جانے میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔امریکی شہریوں کو پاکستان کے سفر کے حوالے سے جاری کی گئی وارننگ معمول کی کارروائی ہے اور پاکستان کو اس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ پاکستان کو انتہاپسندی اور دہشت گردی سے خطرہ ہے اور پاکستانی رہنما اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔ دہشت گردی کی وجہ سے بہت سے پاکستانی شہریوں اور فوجیوں کی جانیں گئیں اور یہ خطرہ پاکستان کے اندر موجود ہے۔ انہوں نے کہا پاکستانی حکام نے سفری وارننگ کا معاملہ امریکا کے ساتھ اٹھایا ہے لیکن یہ معمول کی کارروائی ہے کیونکہ اپنے شہریوں کو کسی خطرے سے خبردار کرنا ہمارا فرض ہے تاہم کسی شہری کی پاکستان جانے کے حوالے سے حوصلہ شکنی نہیں کی گئی۔ ترجمان نے کہا پاکستان اوربھارت تعلقات کی بہتری کےلئے بات چیت کریں۔ امریکہ پاکستان بھارت سرحد پر حملوں کے واقعات سے آگاہ ہے اور ایسے میں حملوں کے واقعات کے کسی ایک پہلو پربات کرنامناسب نہیں ہوگا۔ترجمان نے کہا خطے میں انتہا پسندی کے خطرے کا ذکرکرتے رہے ہیں اور اس خطرے سے دونوں اطراف کے لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ جان کربی نے کہا امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان اوربھارت تعلقات کی بہتری کےلئے بات چیت کریں اور مذاکرات کے ذریعے خطرات سے نمٹنے کی مشترکہ کوششوں اور روابط کو بڑھایا جائے۔
امریکہ