پاکستان اور بھارت کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی موجود ہے‘ گورنر سندھ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی موجود ہے۔ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کےلئے کردار ادا کرنا ہوگا موجودہ حکومت اس سلسلے میں اقدامات اٹھارہی ہے لیکن بھارتی حکومت کو بھی اپنا جارحانہ انداز کم کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ممبئی پریس کلب اور کراچی پریس کلب کے مشترکہ وفود سے گفتگو کے دوران کہی۔ اس موقع پر ممبئی پریس کلب کے 14 رکنی وفد نے گورنر سندھ سے مختلف موضوعات پر سوالات کئے جس پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سیر حاصل گفتگو کی۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران سمیت کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کے تمام ارکان موجود تھے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ممبئی حملوں کے بعد سے تناﺅ کی سی کیفیت ہے لیکن بہرحال وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے بھارت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ یہ تاثر بے بنیاد ہے کہ پاکستان سے بھارت میں در اندازی ہورہی ہے پاکستان خود دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں برسر پیکار ہے اور حکومت پاکستان ایک مخصوص سوچ کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان میں مدارس دہشت گردی کا پلیٹ فارم ہےں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مدارس کے زیر سرپرستی میں کام کرتے ہیں اوران پر مکمل چیک اینڈ بیلنس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ممبئی ہو یا سمجھوتہ ایکسپریس‘ تحقیقات نے ثابت کیا کہ اس میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں ہے لیکن ہمیشہ پاکستان پر الزام تراشیاں کی گئیں ۔ بھارتی صحافیوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ممبئی پریس کلب کو گورنر ہاﺅس کا نشان پیش کیا جبکہ ممبئی پریس کلب کی جانب سے گورنر سندھ کو خصوصی شیلڈ اوربھارتی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔